ٹوکیو، 20؍ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )دولت مشترکہ کھیلوں کے طلائی تمغہ فاتح پی کشیپ نے آج یہاں کوالیفائر کے دونوں راؤنڈ کے میچ جیت کر جاپان اوپن سپر سیریز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے مرد سنگلز کے اہم ڈرا میں جگہ بنالی ہے ۔پہلے میچ میں کشیپ کو زیادہ پسینہ نہیں بہانا پڑا اور پہلے گیم میں جب وہ 11-3سے آگے چل رہے تھے تب آسٹریا کے ڈیوڈ اوبیرنوسٹیرر مقابلے سے ہٹ گئے۔دوسرے میچ میں چوتھے ترجیح یافتہ کشیپ نے ڈنمارک کے اینڈرس ایٹون سین کو 21-18،21-12سے شکست دے کر اہم ڈرا میں جگہ بنالی ، جہاں ان کا مقابلہ ساتھی ہندوستانی کھلاڑی کے سری کانت سے ہوگا۔خواتین کے سنگلز میں حالانکہ تنوی ہاڈ کو سخت چیلنج پیش کرنے کے باوجود جاپان کی چساتو ہوشی کے خلاف 21-19 18-21،9-21سے شکست جھیلنی پڑی۔سری کانت اور کشیپ کے علاوہ کل اہم ڈرا میں ایچ ایس پرنے، اجے جے رام، بی سائی پرنیت بھی اپنی مہم کا آغاز کریں گے۔